بھٹکل،25؍مارچ (ایس او نیوز) مشہور سماجی خدمت گار راج شیکھر مولالی نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمیش جارکیہولی سیکس سی ڈی معاملے کی اصل متاثرہ اگر میرے پاس آتی ہے تو میں اسے انصاف دلانے جد وجہد کرنے کے لئے تیار ہوں۔
بھٹکل سرکییوٹ ہاوس میں ساحل آن لائن گفتگو کرتے ہوئے راج شیکھر نے کہا کہ میں اس معاملے میں انصاف دلانے کی جدوجہد اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے اس شرط پر تیار ہوں کہ متاثرہ کسی لالچ، توقعات یا رقابت وغیرہ سے دور ہوکر میرے پاس آئے۔ میں اپنے ذاتی خرچ پر سپریم کورٹ تک اس مسئلہ کو لے جانے کے لئے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ رمیش جارکیہولی سے متعلق سی ڈی کی حقیقت کے بارے میں اس وقت کوئی رائے قائم کی نہیں جا سکتی۔ یہ سی ڈی ایف ایس ایل کو بھیجی گئی ہے اور وہاں سے رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کی اصل حقیقت معلوم ہوگی۔ مگر میڈیا میں یہ بات عام ہوگئی ہے کہ متاثرہ کے گھر پر ہی سی ڈی ملی ہے۔ اس معاملے میں سات آٹھ صحافیوں کے نام سننے میں آ رہے ہیں۔ اس کے پیچھے کون ہے، ایڈیٹر کا کیا کردار ہے یہ سب پتہ لگنا چاہیے۔ اس لئے اس معاملے کو سی بی آئی کے حوالہ کرنا چاہیے۔
کنڑا ساہتیہ پریشد کے انتخابات میں حصہ لینے کے تعلق سے پوچھے جانے پر راج شیکھر نے کہا کہ 105 سال کی تاریخ رکھنے والے کنڑا ساہتیہ پریشد کے تعلق سے حالیہ دنوں میں کئی الزامات سننے کو مل رہے ہیں۔ اس پر ریٹائرڈ سرکاری افسران کا ٹھکانہ ہونے کا الزام بھی لگ رہا ہے۔ اس پر قابو پانے کے مقصد سے میں نے انتخاب میں حصہ لیا ہے۔